31.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومتازہ ترینایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن بصارت سے محروم شخص کو تاحیات...

ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن بصارت سے محروم شخص کو تاحیات پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائے، صدر مملکت آصف علی زرداری کی پیدائشی نابینا شخص کو پنشن دینے کی ہدایت

- Advertisement -

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیو شن (ای او بی آئی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ بصارت سے محروم شخص کو تاحیات پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائے جسے ای او بی آئی نے اپنے والد کی وفات کے بعد پنشن سے محروم کردیا تھا۔ ایوانِ صدرکے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ معذور شخص کو ریاست کی طرف سے بے رحمی کی حالت میں نہیں چھوڑا جاسکتا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن نے ایک معذور شخص کو نظر انداز کرکے شدید بے حسی کا مظاہرہ کیا اور وہ بھی ایسے وقت میں جب ان کے تمام اہل خانہ انہیں بغیر کسی سہارے کے چھوڑ کر انتقال کر چکے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن محمد شہزادکو والد کی پنشن کی ادائیگی یقینی بنائے۔ ای او بی آئی نے پیدائشی نابینا شخص کی پنشن ادائیگی کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ شکایت کنندہ کو ریاست کی جانب سے بے رحمانہ حالت میں نہیں چھوڑا جاسکتا، افسوس کہ ای او بی آئی نے معذورشخص کے ساتھ سنگین بے حسی کا مظاہرہ کیا، ای او بی آئی نابینا شہری کو اپنے موجودہ فنڈز میں سے پنشن ادا کرے ۔

- Advertisement -

محمد شہزاد (شکایت کنندہ)نے وفاقی محتسب کے پاس شکایت درج کرائی تھی، محمد افضل ظفر ای او بی آئی کے اولڈ ایج پنشنر تھے اور وہ 2016 میں وفات پا گئے، شکایت کنندہ کی والدہ باپ کی زندگی کے دوران ہی انتقال کر چکی تھی۔ محمد شہزاد نے والد کے ”معذور قانونی وارث “ کے طور پر پنشن کیلئے ای او بی آئی سے درخواست کی تاہم ای او بی آئی نے پیدائشی نابینا شخص کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

ای او بی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ صرف 18 سال سے کم عمر مرد فیملی پنشن کے اہل ہیں جبکہ محمد شہزاد 44 سال کے تھے۔ وفاقی محتسب کی جانب سے شکایت کی مزید تحقیقات بند ہونے کے بعد شہری نے صدر ِپاکستان سے اپیل کی تھی۔

صدر مملکت نے شکایت کنندہ کی اپیل منظور کرتے ہوئے ادارے کو پنشن ادائیگی کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئین کی روح کے مطابق معذور شخص کو ایسی پنشن سے محروم نہیں کیا جا سکتا، نابینا شہری پنشن حاصل کرنے والے کسی بھی شخص سے کہیں بہتر سلوک کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کے قانون پر نظرثانی کی جائے ، وفاقی پالیسی کے مطابق ڈھالا جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=496550

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں