اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی ) کے پلیٹ فارم سے ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 9476.9 ٹن خوراک ، 1605.8 ٹن غذائی اشیاء اور 8838728 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں، 574 ہیلی کاپٹر پروازوں کے ذریعے 4653افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ،گذشتہ 24 گھنٹوں میں انفراسٹرکچر کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ۔ این ایف آر سی سی کے مطابق ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ملک میں سیلاب سے مجموعی طور پر 12716 کلومیٹر سڑکوں اور 374 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سندھ کے قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین،بلوچستان کے اضلاع میں کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، جھلمگسی، بولان، صحبت پور اور لسبیلہ ،کے پی میں دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک اور ڈی آئی خان اور پنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور شامل ہیں۔اب تک 574 آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر پروازیں چلائی گئیں ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 پروازوں کے ذریعے 6.7 ٹن امدادی اشیاء سیلاب متاثرین تک پہنچائی گئی ، اب تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4653 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا چکا ہے۔اب تک ملک بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں 147 ریلیف کیمپ اور 218 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
اب تک 9597.5 ٹن کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ 1627.3 ٹن غذائی اشیاء اور 8851438 ادویات اکٹھی ہوئیں جبکہ 9476.9 ٹن خوراک 1605.8 ٹن غذائی اشیاء اور 8838728 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں۔اب تک 300 سے زائد میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں ملک بھر میں 319,867 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور 3-5 دن کی مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں۔
پاک بحریہ نے پورے ملک میں 04 فلڈ ریلیف سینٹرز اور 18سینٹرل کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ ان جمع کرنے والے مراکز نے مختلف اضلاع میں 1617 ٹن راشن، 5642 ٹینٹ اور 719,081 لیٹر منرل واٹر تقسیم کیا ہے۔ اس کے علاوہ 11 ٹینٹ سٹی بھی قائم کیے گئے ہیں ۔
مزید برآں، پورے پاکستان میں تعینات پاک نیوی کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے پھنسے ہوئے 15393 افراد کو بچایا ہے۔ اب تک 63 پروازوں میں 475 پھنسے ہوئے لوگوں کو بچایا اور راشن کے 4811 پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔ پاک بحریہ کی 08 غو طہ خورٹیموں نے پاکستان بھر میں متاثرہ علاقوں میں 27 ڈائیونگ آپریشنز بھی کیے ہیں۔ پاکستان نیوی نے 71 میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں جن میں اب تک 73734 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔
پاک فضائیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4853 خیمے، 431986 فوڈ پیکجز، 3231.45 ٹن راشن، 244695 لیٹر میٹھا پانی فراہم کیا ہے۔ مزید یہ کہ پی اے ایف نے 45 میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں جہاں اب تک 59296 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ 19807 افراد کی رہائش کے لیے 20 ٹینٹ سٹی اور 54 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پی اے ایف نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 258 اڑانیں بھی کیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 101 افراد کو نکالا۔