این اے 45 ضلع کرم کے علاوہ دیگر تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو ہوں گے ، الیکشن کمیشن

337

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 45 ضلع کرم کے علاوہ دیگر تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سیکرٹری وزارت داخلہ و دفاع، چیف سیکرٹری و آئی جی صاحبان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ایم او ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 9 قومی اسمبلی ، 3 صوبائی اسمبلی اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور الیکشن کے انعقاد کیلئے تیار ہے،

بہرحال صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے دیگراداروں کی ان انتخابات میں ان کی خدمات سرانجام دینے کے حوالہ سے ان کا موقف درکار ہے تاکہ انتخابات کا پرامن انعقاد اور ووٹروں کو پولنگ کے دن پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ سیکرٹری وزارت داخلہ و دفاع، چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں اپنا موقف پیش کیا۔

الیکشن کمیشن نے تمام اداروں کا موقف سننے کے بعد فیصلہ کیا کہ ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، کے علاوہ باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو ہوں گے، این اے 45 ضلع کرم میں انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر کو ہوں گے۔