اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے اجلاس میں کورونا وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، قومی ویکسین کی حکمت عملی اور ملک بھر میں بیماری کے پھیلاؤ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کے روز این سی او سی کا اجلاس نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی۔
فورم کو کورونا کے مثبت تناسب بیماری کے پھیلاؤ، اموات کی تعداد اور نئے مریضوں کے بارے میں بتایا گیا۔فورم نے ملک بھر میں شہر کے لحاظ سے کوویڈ 19 ویکسینیشن کے مجموعی عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔فورم نے ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
این سی او سی نے صوبہ وار ویکسی نیشن کے اہداف اور ویکسینیشن کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا۔اب تک ویکسین کی کل 16 کروڑ 52 لاکھ 34 ہزار 253 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی کل 8 لاکھ 21 ہزار 320 خوراکیں لگائی گئیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 59 ہزار 255 طلباء کو کورونا سے بچائو کی ویکسین لگائی گئی۔ اب تک کل 48 لاکھ 62 ہزار 538 طلباء کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے جس سے 45 فیصد طلباء کو مکمل طور پر ویکسین لگائی جا چکی ہے۔مزید برآں فورم کو بتایا گیا کہ طلباء کو ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اہل آبادی کا 49 فیصد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہے۔
این۔سی او سی نے متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی کہ موجودہ این پی آئیز کو نافذ کیا جائے اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔صوبوں سے کہا گیا تھا کہ وہ موجودہ این پی آئیز کو خاص طور پر ٹرانسپورٹ، تعلیم اور اعلی سماجی اجتماعات جیسے ریستورانز اور شادی ہالز کے شعبوں میں سختی سے نافذ کریں۔
ویکسینیشن مہم اور ریمپ اپ ٹیسٹنگ بشمول ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ (RAT)کو تیز کریں۔صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کو اپنی بریفنگ میں، ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے، ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے اور این پی آئیز کو سختی سے نافذ کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔