این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے ممکنہ شدید بارشوں اور طغیانی کا الرٹ جاری

6

ہری پور۔ 28 جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی پیشن گوئی کے مطابق ضلع ہری پور میں آئندہ چند دنوں میں شدید بارشوں اور طغیانی کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر آفس ہری پور کی جانب سے جاری بیان میں تمام پٹواریان و قانون گو حضرات کو بذریعہ حکم نامہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ حلقوں تربیلہ جھیل کے ملحقہ علاقوں دریائے دوڑ، دریائے سرن، دریائے سندھ کے کنارے واقع مواضعات اور دریائے ہرو کے حلقوں میں ہائی الرٹ رہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق تمام پٹواریان یہ امر یقینی بنائیں کہ وہ اپنے حلقہ میں موجود سمیت علاقہ کے معززین و نمائندگان سے مسلسل رابطہ میں رہیں، کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار واقعہ طغیانی، زمینی کٹاﺅ، رکاوٹیں، انسانی و مالی نقصان وغیرہ کی صورت میں فوری ریسکیو کنٹرول روم نمبر 1122 اور 0995-092186 سمیت ضلعی کنٹرول روم کے فون نمبر 0995-920220 پر رابطہ کریں۔

ضلعی انتظامیہ ہری پور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹواری حضرات جن کے ساتھ تربیلہ جھیل لگتی ہے، وہ فوری طور پر تربیلہ جھیل کا وزٹ کر کے اپنی تصاویر جن میں تاریخ اور وقت موجود ہو، گروپ میں شیئر کریں گے، تمام کشتی مالکان کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کشتی چلاتے وقت تمام تر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، پٹواری حضرات اپنے اپنے حلقوں میں مساجد میں اعلانات کروائیں کہ تربیلہ جھیل میں طغیانی اور سیلابوں کے پیش نظر پانی کے بہاﺅ اور حجم میں مسلسل اضافی ہو رہا ہے اس لئے وہ تربیلہ جھیل کے قریب جانے سے گریز کریں، اعلانات کی ویڈیوز گروپ میں آج ہی ارسال کرنی ہیں۔

ضلعی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تحصیلداران و نائب تحصیلداران اس حکم کی مکمل نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر پٹواری اور قانونگو اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے پیش نظر دریا اور جھیل کے کناروں کے قریب جانے سے سختی سے گریز کریں، خصوصاً جھیل میں نہانے سے مکمل اجتناب کریں۔