این ڈی ایم اے نے سیلاب سےمتاثرہ ملائیشیا کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا

187
سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کے لیے پاکستان کی پہلی امدادی پرواز کوالالمپور پہنچ گئی

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے )نے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ کوالالمپور روانہ کر دی۔

این ڈی ایم اےکی جانب جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آفات سے متاثرہ ممالک کے لوگوں کے لیے امدادی کی فراہمی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئےامدادی سامان اتوار کو صبح 5 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔ روانہ کی گئی امدادی کھیپ میں ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے خیموں، کمبل، لحاف، بستر اور لائف جیکٹس پر مشتمل 40 ٹن سامان شامل تھا۔

علاوہ ازیں تقریباً 40 ٹن امدادی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ بھی رواں ہفتے کے دورا ملائیشیا کے لیے روانہ کی جائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چونکہ خود بھی قدرتی آفات کی زد میں ہے اور ایسی ہنگامی صورتحال میں پیدا ہونے والے مسائل سے بھی واقف ہے لہذا ملائیشیا کے ساتھ بحالی کے اس سفر میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔