این ڈی ایم اےنے مزیدبارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کیلئے الرٹ جاری کر دیا

78
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(ایم ڈی ایم اے)نے ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور آندھی کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور جبکہ گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر کے علاوہ خیبرپختونخوا کے اضلاع گلیات، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر، کوہستان، شانگلہ، ہری پور اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے ۔

اس دوران پنجاب میں مری، راولپنڈی، اٹک، چکول، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالا، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہائو الدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور ساہیوال کے اضلاع کے علاوہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آندھی/طوفان سے کمزور بنیادی ڈھانچہ، فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔ کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسمیاتی ماحول کے پیش نظر آبپاشی کریں۔ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں تیز بارش سے تغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹیز، گلگت بلتستان، ایس ڈی ایم اے، اسلام آباد انتظامیہ، این ایچ اے، موٹر ویز پولیس، ایف ڈبلیو اور، ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں اور اداروں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ نقصانات سے بچا جاسکے۔