اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں زیر تربیت ملکی اور غیر ملکی سول و عسکری افسران کے گروپ کی این ڈی یو کے سربراہ میجر جنرل عنایت حسین کی سربراہی میں پیر کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپیکر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک میں تعلیم کی فروغ کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، این ڈی یو کا شمار دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے، اپنی اعلیٰ تربیتی اور تعلیمی معیار کی بدولت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ ملکی ترقی کی خاطر ہمیں انفرادی سوچ کے بجائے اجتماعی سوچ کو اپنانا ہو گا۔ سرکاری ملازمین حکومتی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرکاری ملازمین کو دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت افسران کا این ڈی یو سے تربیت حاصل کرنے کے بعد ا±ن کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور وہ زیادہ بہتر طریقے سے ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں گے۔ ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے سب اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی قائم کر کے ہم اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مقبوضہ کشمیر میں 42روز سے جاری کرفیو کی مذمت کی اور کہا کہ کرفیو کے نفاذ سے مقبوضہ وادی میں عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کیا گیا ہے۔ کوئی بھی جمہوری معاشرہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حمایت نہیں کر سکتا، بھارت سنگینوں کی چھاو¿ں میں زیادہ دیر کشمیر پر اپنا غاصبانہ جاری نہیں رکھا سکتا، مقبوضہ وادی میں جاری تحریک آزادی کا کامیابی سے ہمکنار ہونے کا وقت انتہائی قریب ہے