اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں اور ملک گیر منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 5 کارروائیوں میں 5 کروڑ 66 لاکھ سے زائد مالیت کی 248.429 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 8 ملزمان گرفتار کر لیے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیاں کے دوران سیالکوٹ میں سمبڑیال کے قریب 3 ملزمان سے 3.6 کلو چرس برآمد کی گئی، گرفتار ملزم کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
دیگر کاروائیوں میں راولپنڈی میں کوریئر آفس میں تھائی لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 136 گرام ویڈ،بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کانک سے 220 کلو افیون برآمد کر لی گئی۔ اسی طرح شیخوپورہ میں موٹرسائیکل سوار 3 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 21.6 کلو چرس اور 2.4 کلو افیون جبکہ لاہور میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان سے 313 گرام افیون، 380 گرام چرس، 1 عدد پستول بمعہ 2 میگزین اور ڈرون برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564414