اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر انسداد منشیات کارروائیاں ، 90 کلو گرام منشیات برآمد،11ملزمان گرفتار

185

راولپنڈی۔11جولائی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے ملک گیر انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران 90 کلو گرام سے زائد منشیات برآمدکرکے 11ملزمان گرفتارکرلیے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق تازہ ترین کارروائی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز نمبر 181 کے ذریعے شارجہ جانے والے بنوں کے رہائشی دو ملزمان گرفتارکرکے ملزمان کے پیٹ سے 8 منشیات بھرے کیپسولز برآمد کر لیے گئے۔برآمد شدہ کیپسولز سے چرس ، آئس اور کوکین برآمد کی گئی ۔

ا یم ون موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد پر وین میں موجود مردان اور مظفر آباد کے رہائشی ملزمان سے 1کلو 150گرام چرس برآمد کی گئی ۔خانیوال موٹروے ٹول پلازہ پر گاڑی کی اگلی سیٹ اور ڈرائیور سیٹ کے نیچے بنائے گئے خفیہ خانے سے منشیات برآمد کی گئی۔خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 24کلو گرام افیون اور 48 کلو چرس شامل تھی۔اس موقع پرچارسدہ کی رہائشی خاتون اور 5بچوں سمیت مرکزی ملزم کو گرفتاربھی کیا گیا۔

چمن کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک ویران مکان میں چھپائی گئی 16کلو افیون برآمدکی گئی۔شاہراہِ فیصل کراچی پر کارروائی میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 270گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔برآمدہ ہیروئن 6عدد کرکٹ ہارڈ بالز میں چھپائی گئی تھی۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔