اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی پہاڑی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث کوہ سلیمان رینج میں بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قومی شاہراہ (این۔50) پر دھانہ سر کے مقام پر بلوچستان خیبرپختونخوا شاہراہ کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے اور وہاں ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایات پر سڑک سے پہاڑی تودے کا ملبہ اٹھانے کے لئے این ایچ اے کا فیلڈ سٹاف اور مشینری متحرک ہو چکی ہے جبکہ سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا ، بلوچستان ۔ خیبرپختونخوا میں این ایچ اے فیلڈ افسران سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔
ممبر بلوچستان شاہد احسان اللہ خود بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے ٹریفک کی جلد مکمل بحالی کی امید ظاہر کی ہے، اس وقت روڈ سے پہاڑی تودے کا ملبہ اٹھانے کے لئے این ایچ اے کا عملہ اور مشینری فعال ہے جبکہ مزید ہیوی مشینری ژوب اور کوئٹہ سے طلب کر لی گئی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے عملے نے روڈ کو ہلکی ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے جبکہ متاثرہ روڈ کو 30-24 گھنٹوں میں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے مکمل بحال کر دیا جائے گا ۔
جی ایم نارتھ آغا عنایت اللہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے ژوب اور سیف اللہ میں ٹریفک روکنے کی درخواست کی ہے تاہم خیبرپختونخوا سے آنے والے مسافر متبادل راستہ (این۔70 ) لورا لائی ۔ ڈی جی خان شاہراہِ استعمال کر سکتے ہیں ۔ این ایچ اے کی جانب سے اس طرف کا رخ کرنے والے مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر کرنے سے قبل خود کو موسمی حالات سے باخبر رکھیں ۔این ایچ اے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہے اور عوم کو بہترین روڈ سروسز دینے کے لئے مصروف عمل ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=358081