اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):ایوان بالا نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر ہمارے پڑوسی اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ کر کے جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں اور تمام بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس حملے نے خطے اور اس سے آگے امن و سلامتی کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، گذشتہ برسوں میں اسرائیل نے دنیا بھر بالخصوص مقبوضہ فلسطین میں بے شمار مسلمانوں کو شہید کیا ہے۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دنیا اور امت مسلمہ غزہ میں گزشتہ 2 سال سے بچوں اور شہریوں کا ناقابل تصور پیمانے پر قتل عام دیکھ رہی ہے، اس نسل کشی کے خلاف مسلم دنیا کی عدم فعالیت خاص طور پر پریشان کن ہے کیونکہ اب اسرائیل نے ایک اور خودمختار مسلم ریاست، ایران پر حملہ کر دیا۔
یہ ایوان مشترکہ طور پر اور واضح طور پر اسرائیل کے امت مسلمہ بالخصوص فلسطین اور ایران کی برادر اقوام کے خلاف گھناؤنے جرائم کی مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھی یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اس کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قرارداد کی ایوان سے منظوری لی۔
ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وزارت خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے وزارت خارجہ کا یہ بیان ایوان میں بھی پڑھ کر سنایا۔