30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںایوان بالا کے اجلاس میں ممتاز دینی، علمی اور پارلیمانی شخصیت پروفیسر...

ایوان بالا کے اجلاس میں ممتاز دینی، علمی اور پارلیمانی شخصیت پروفیسر ساجد میر کو سراج عقیدت

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):ایوان بالا کے اجلاس کے دوران بدھ کو ممتاز دینی، علمی اور پارلیمانی شخصیت پروفیسر ساجد میر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایوان بالا میں مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے متعدد سینیٹرز نے ان کی علمی، سیاسی اور دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر جیسا کوئی نعم البدل شاید سینیٹ کو دوبارہ نہ مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی دینی، سیاسی اور علمی خدمات ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہیں گی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر شاید اب بڑی دیر بعد اس ایوان کو دوبارہ مل سکیں، وہ وقار، علم، فہم اور تدبر کی علامت تھے۔

- Advertisement -

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر بہت بڑے انسان تھے، ان کی اس ملک سے وابستگی اور قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر جیسا شخص تو دنیا میں کہیں نہیں مل سکتا، ان کی کمی ہمیشہ کے لیے محسوس کی جاتی رہے گی۔

مجلس وحدت المسلمین کے سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی کمی ہم سب کو ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، وہ اتحاد امت، اخلاص اور علم کا استعارہ تھے۔سینیٹر شہادت اعوان اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ہمیں پروفیسر ساجد میر کے علمی ورثے پر کام کرنا چاہیے تاکہ ان کی خدمات کو محفوظ کیا جا سکے، وہ اب ہم میں نہیں رہے، لیکن ان کی کمی ہمیشہ شدت سے محسوس کی جاتی رہے گی۔سینیٹر نسیمہ احسان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں پروفیسر ساجد میر کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ ایک انتہائی نفیس، بااخلاق اور علم و ادب سے مزیّن شخصیت تھے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔سینیٹر محمد عبد القادر نے کہا کہ دکھ اور درد میں ہم پروفیسر ساجد میر کے خاندان کے ساتھ شریک ہیں، انہوں نے ہمیشہ اپنے اچھے عمل، خلوص اور دیانتداری سے لوگوں کے دل جیتے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا خلا مدتوں پورا نہ ہو سکے گا۔

ایوان میں موجود تمام اراکین نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی قومی خدمات کو سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596946

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں