13.7 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 14, 2025
ہومقومی خبریںایوان کو قانون اور پارلیمانی رویات کے مطابق چلاؤں گا،مذاکرات ہی مسائل...

ایوان کو قانون اور پارلیمانی رویات کے مطابق چلاؤں گا،مذاکرات ہی مسائل کا واحدحل ہیں،سردار ایاز صادق

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہےکہ مذاکرات ہی مسائل کا واحدحل ہیں تاہم مذاکرات کسی کی ذات یاذاتی ایجنڈے کے تحت نہیں ملکی مفاد کے لئے ہونے چاہئیں، ایوان کو قانون اور پارلیمانی رویات کے مطابق چلاؤں گا۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے مغلیہ گارڈن میں پودالگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ۔اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائےجائیں اور ملک کو سر سبزو شاداب بنایا جائے ۔ پہلے ہی درختوں کے بہت زیادہ کٹائوں کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کی صورتحال کا سامناہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا عالمی سطح پر آلودگی پھیلانے میں حصہ بہت کم ہے لیکن ہم سب سے زیادہ اس سے متاثرہورہے ہیں۔

- Advertisement -

ایک سوال کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میری ذات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور مجھے حوالدار کہا جاتا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔ حوالدار دو طرح کے ہوتے ہیں ایک وہ جو چوروں کو پکڑتے ہیں اور دوسرے وہ جو ملک و ملت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے جو جوان شہید ہوئے وہ بھی حوالدار تھے۔ پہلے تو انہیں یہ فیصلہ کرنا چاہیےکہ مجھے حوالدار کس کیٹیگری میں شمار کرنا چاہتے ہیں۔ جنہو ں نے مجھے یہ لقب دیا میں ان کا شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے یہ تو تسلیم کرلیا کہ میںایک طرف ہوں اور وہ دوسری طرف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ یہ ایوان غیر قانونی ہے ، اگر یہ ایوان غیر قانونی ہے توکیا اس کی کمیٹیاں غیر قانونی نہیں ہے جن کی یہ لوگ صدارت کرتے ہیں اور تنخواہیں لے رہے ہیں۔ کیاتنخواہ غیر قانونی نہیں ہے۔ انہوں نے قائد حزب اختلاف کی گفتگوکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا گلہ ہے کہ انہیں بولنے کا موقع نہیں دیاجاتا۔ میں نے ریکارڈچیک کیا ایک گھنٹہ اکیس منٹ انہوں نے تقریر کی اور باہر جا کر انہوں نے یہ کہا کہ ہمیں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دس منٹ کے لئے ایوان میں آتی ہے اس کے بعد احتجاج کر کے چلی جاتی ہے، اپوزیشن کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، اپوزیشن کے جانب سے ایوان میں عوامی اہمیت کے حامل جتنے سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس دیئے گئے ہیں انکا ریکارڈ دوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن کے جانب سے عوامی مسائل سے متعلق تمام تر ریکارڈ عوام کے سامنے رکھوں گا، ایوان کو قانون اور پارلیمانی رویات کے مطابق چلاؤں گا، مجھے اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی کوئی فکر نہیں ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے، مذکرات کے ذریعے مل بیٹھ کر فیصلے ہوتے ہیں،مذکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،مذکرات ملکی مفاد میں ہونے چاہے نہ کہ ذاتی ایجنڈے کو حاصل کرنے کیلئے۔ پارلیمانی کمیٹی مذکرات کیلئے قائم کی گئی تھی، مذکرات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572469

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں