کراچی۔ 12 فروری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن ویمنز ٹگ آف وار ٹیم کی تشکیل کے سلسلے میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا ، مختلف یونیورسٹیز کی 35سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ ٹرائلز کا انعقاد کراچی ٹگ آف وار ایرینا کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس پر کیا گیا ۔
سلیکشن کمیٹی میں سر سید یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس انٹر نیشنل مبشر مختار،سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال اور این ای ڈی یونیورسٹی کی ڈائرکٹر فزیکل ایجوکیشن فرخندہ فصیح شامل تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور فائنل ٹیم سلیکشن کے لئے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ۔اس موقع پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر گلفراز احمد خان ،ایم احتشام ،ڈاکٹر ماجد ،محمد ندیم ،حمیرا صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے ۔
ایچ ای سی کی ٹیم نیشنل ویمنز ٹگ آف وار چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرے گی ۔ نیشنل ویمنز ٹگ آف وار چیمپئن شپ یکم مارچ سے کراچی میں کھیلی جائے گی ۔