اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):ایچ ای سی کی ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) پراجیکٹ ٹیم نے آئی سی ٹی ریجن کے الحاق شدہ کالجوں کے اساتذہ کے لئے تین روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا انعقاد پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے کیا تھا۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور وفاقی نظامت تعلیم نے اسلام آباد کے ایسوسی ایٹ اور گریجویٹ کالجوں کے 70 نامزد اساتذہ کے لئے تربیت کی درخواست کی تھی۔
انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2020 کو ایچ ای سی نے منظور کیا تھا اور اسے 2023 کے خزاں سے لاگو کیا جا رہا ہے۔ پالیسی کی کامیابی کا انحصار اساتذہ کی تیاری پر ہوتا ہے جو تعلیمی نظام کی بنیاد رکھتے ہیں۔ پراجیکٹ کے کامیاب نفاذ کے لئے یہ ضروری ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فیکلٹی اسے اچھی طرح سمجھیں اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے تیار ہوں۔ الحاق شدہ کالجز تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت سالانہ نظام سے سمسٹر سسٹم میں تبدیلی سے گزر رہے ہیں۔ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز اور بیچلر ڈگری پروگراموں کے تعارف کے لئے طلبہ کے داخلے، اندراج، رجسٹریشن، ایڈوائسمنٹ سسٹم، انٹرن شپ، کیپ اسٹون میں اہم طریقہ کار اور ضابطے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
پہلی مرتبہ ایس ڈی جیز کے حوالے سے اساتذہ میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ماحولیات اور پائیداری پر ایک خصوصی ماڈیول بھی شامل کیا گیا۔ تربیت کے طریقوں نے محض لیکچر دینے کی بجائے مناسب سرگرمیوں اور شمولیت کے طریقہ کار سے ہداف کو حاصل کیا ہے۔ ورکشاپ کا انعقاد تربیت کے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے ماسٹر ٹرینرز نے کیا۔ اس کا آغاز ڈاکٹر محمود الحسن بٹ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر، ایچ ای ڈی پی کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے حاضرین کو اپنے وژن سے تمام متعلقہ کالجوں کے لئے معیاری اعلیٰ تعلیم کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم میں نسبتاً کمزور کڑی رہے ہیں۔
ڈاکٹر کنسلٹنٹ کیپیسٹی بلڈنگ سید آفاق حسین نے ورکشاپ کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اس ٹریننگ کے ثمرات طلباء تک پہنچیں گے۔ اسلام آباد کے 33 کالجوں کے 64 اساتذہ نے – شہری اور دیہی دونوں طرح کی تربیت میں شرکت کی جن میں سے 45 خواتین تھیں۔ ٹریننگ کے آغاز میں ایک پری ٹیسٹ لیا گیا تھا جبکہ ٹریننگ کے بعد ایک ٹیسٹ آخر میں منعقد کیا گیا تھا تاکہ ٹرینیز کی طرف سے حاصل کردہ سیکھنے کا اندازہ لگایا جا سکے۔ شرکاء نے تربیت پر مثبت تاثرات فراہم کیے اور یو ای پی پر نظر ثانی کی۔ اس بات پر ایک عمومی اتفاق رائے تھا کہ نظرثانی شدہ پالیسی علم پر مبنی معیشت بنانے کے لئے متجسس، تخلیقی، ابلاغی اور تعمیری نوجوان انسانی وسائل تیار کرے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اویس احمد نے نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ اختتامی تقریب میں کامیاب شرکاء کو اسناد سے نوازا۔ انہوں نے قوم کی تعمیر اور ملک کے مستقبل کو سنوارنے میں اساتذہ کے کردار کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر نسرین ادریس، جوائنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر، MOFET اور رفعت جبین، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور آئی سی ٹی ریجن کے کالجوں میں تدریسی ماحول کو فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ٹیکنالوجی اور جدید تدریسی طریقوں کے فوائد طلباء تک پہنچ سکیں۔