ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 ،اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان پہلا ایلیمنیٹرمیچ کل کھیلا جائے گا

63

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا پہلا ایلیمنیٹرمیچ (کل) جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا پہلا ایلیمنیٹرمیچ (کل) جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجکر 30 پر شروع ہوگا۔ اس میچ میں ریفری کی ذمہ داریاں آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کے سپرد کی گئی ہیں۔

علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز جبکہ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور راشد ریاض بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کریں گے جبکہ پشاور زلمی کو فاسٹ بائولر وہاب ریاض لیڈ کریں گے۔