کراچی۔7فروری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔ پی ایس ایل 13فروری سے 19مارچ تک چار مقامات پر کھیلی جائے گی۔ ملتان اور کراچی لیگ کے میچز 13سے 26فروری تک ہوں گے، اس سے قبل ایکشن لاہور اور راولپنڈی منتقل ہوگا جہاں 26فروری سے 19مارچ تک 20میچ کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے تین ارکان علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف کے ساتھ احسن رضا، آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل خان آفریدی، مارٹن سیگرز، روچیرا پالیا گروگے، ایلکس وارف اور شوزب رضا ہوں گے۔
انہیں محمد آصف، ناصر حسین اور طارق رشید سپورٹ کریں گے جو فورتھ امپائر میں شامل ہوں گے۔ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق ممبر روشن مہاناما لگاتار آٹھویں سال اپنا کردار ادا کریں گے اور پانچ میچ ریفریز کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن میں علی نقوی، افتخار احمد، جاوید ملک اور محمد انیس شامل ہیں۔ انگلینڈ کے لیے 13ون ڈے کھیلنے والے وارف اور انگلینڈ کے لیے تین ٹیسٹ کھیلنے والے سیگرز، سری لنکا کے پالیا گروگے کے ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈیبیو کریں گے۔ یہ تینوں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائر کے ممبر ہیں۔
گف کے لیے، یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ان کی چوتھی شرکت ہوگی جبکہ یہ ایلنگ ورتھ کی چھٹی ایچ بی ایل پی ایس ایل ہوگی۔ ملتان میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں آصف یعقوب اور مارٹن سیگرز امپائرنگ کریں گے جبکہ فیصل آفریدی تھرڈ امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے۔ محمد انیس میچ ریفری ہوں گے۔ علی نقوی 14فروری کو کراچی میں کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی کے میچ میں پلینگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔ احسن رضا اور انگلینڈ کے ایلکس وارف آن فیلڈ امپائر، روچیرا پالیا گروگے تھرڈ امپائر اور طارق رشید فورتھ امپائر ہوں گے۔
دریں اثنا، پی سی بی نے 34میچوں کے ٹورنامنٹ کے لیے 15کمنٹیٹرز اور دو پریزنٹرز کے پینل کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ ایلن ولکنز، بازید خان، ڈینی موریسن، ڈیرن گنگا، ڈومینک کارک، مارک بچر، نک نائٹ، ثنا میر، سکندر بخت، سائمن ڈول، عروج ممتاز، ورنن فلینڈر اور وقار یونس انگریزی میں کمنٹری کریں گے جبکہ مرینہ اقبال اور طارق سعید اردو کمنٹری کریں گے۔ایرن ہالینڈ اور زینب عباس پریزنٹر ہوں گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8کے لیے دو مکمل پروڈکشن کٹس اور عملہ بیک وقت کام کرے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 5کے بعد یہ صرف دوسری بار اور کووڈ کے بعد کے دور میں پہلی بار ہوگا۔ ہائی ڈیفینیشن براڈکاسٹ کوریج میں اسپائیڈر کیمز اور بگی کیمز کے ساتھ 30کیمرے شامل ہوں گے جو پاکستان میں اور باہر شائقین کے دیکھنے کے تجربے کو مزین کریں گے۔ ہاک آئی اور الٹرا ایج ڈیسیژن ریویو سسٹم (ڈی آر ایس)ٹیکنالوجی کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان میں کرکٹ کے شائقین ایچ بی ایل پی ایس ایل 8کو ہائی ڈیفینیشن میں اے اسپورٹس، پی ٹی وی اسپورٹس اور ٹین اسپورٹس لائیو ٹی وی پر دیکھ سکیں گے جبکہ لائیو اسٹریمنگ دراز ایپ، ٹیپ میڈ ٹی وی اور تماشا پر دستیاب ہوگی۔ دنیا بھر کے ناظرین فاکس اسپورٹس (آسٹریلیا)، سونی (پاکستان سے باہر جنوبی ایشیا)، ولو ٹی وی (شمالی امریکہ)، فلو اسپورٹس (کیریبین)، سکائی اسپورٹس (برطانیہ)، سکائی سپورٹ (نیوزی لینڈ)پر براہ راست ایکشن دیکھ سکتے ہیں۔ سپر اسپورٹ (سب صحارا افریقہ)، اتصالات اور اسٹارز پلے (مینا) پر لائیو دیکھ سکیں گے۔ غیر نشریاتی علاقوں میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 8، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب اور فیس بک چینلز پر دستیاب ہوگا۔