لاہور۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان کی مقبول ترین کرکٹ لیگ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے300 میچز مکمل کرلئے۔یہ تاریخی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نہ صرف پی ایس ایل کے پہلے میچ میں شریک تھی بلکہ 300 ویں میچ کا بھی حصہ بنی۔
لیگ کے آغاز سے لیکر اب تک کئی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی سے اسے یادگار بنایا۔بابراعظم نے تمام10 سیزنز میں شرکت کی اور ریکارڈز کے انبار لگا دیئے۔وہ لیگ میں سب سے زیادہ 3621 رنز، 34 نصف سنچریاں، 401 چوکے، 96 میچز اور 49 کیچز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔فاسٹ بائولر حسن علی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 121 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔ انگلینڈ کے جیسن روئے نے145 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی، جبکہ فخر زمان نے90 چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکوں کا اعزاز حاصل کیا۔روی بوپارا کی6 وکٹیں صرف16 رنز کے عوض بہترین انفرادی بائولنگ اسپیل قرار پایا۔
وکٹ کیپرز میں محمد رضوان نے 84 کیچز/اسٹمپڈ اور 2749 رنز کے ساتھ سب پر سبقت حاصل کی۔سابق کپتان سرفراز احمد نے بطور کپتان سب سے زیادہ80 میچز کھیل کر38 فتوحات کے ساتھ قائدانہ ریکارڈ بنایا۔معروف امپائر علیم ڈار بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کا اہم حصہ رہے، جنہوں نے81 میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔وہ اس سیزن کے اختتام پر پروفیشنل امپائرنگ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ ہمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ پر فخر ہے۔2016 میں اس لیگ کا آغاز ہوا اور اس نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔شائقین، کھلاڑیوں اور پارٹنرز کے اعتماد نے اسے ایک معیاری برانڈ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ان تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو کسی بھی حیثیت میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ رہے۔
ان کی بدولت یہ لیگ ہر سیزن ترقی کرتی رہی اور شائقین کو معیاری تفریح فراہم کرتی رہی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل نے گزشتہ دہائی میں خود کو ایک بین الاقوامی معیار کی لیگ کے طور پر منوایا ہے اور اس کی کامیابی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590542