پشاور۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہاٹ شہریار قمر کی زیر صدارت ڈینگی وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں افسران نے ڈینگی وائرس کے خاتمے اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے استعمال کی جانے والی موجود ادویات، سازوسامان اورمشینری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مساجد اور یونین کونسل دفاتر میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے بینرز آویزاں کیے جائیں اور پانی کی ٹینکیوں کی صفائی جلد از جلد کی جائے اور سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں بھی طلباء کو ڈینگی وائرس کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقاد کریں.
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہر یار قمرنے ڈینگی وائرس کے خاتمے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کوہاٹ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ صحت کے عملہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ڈینگی وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390047