ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے اپوزیشن ارکان آج اپنے ذاتی اور خاندانی مفادات کی خاطر متحد ہیں، فیاض الحسن چوہان

46

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اسلام آباد میں پی ڈی ایم لیڈران کے سیشن سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے اپوزیشن ارکان آج اپنے ذاتی اور خاندانی مفاد کی خاطر متحد ہیں۔ ان تمام چوروں اور لٹیروں کو اکٹھا کرنے کا اعزاز وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو جاتاہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آل شریف نے اپنا خاندان چھوڑ کر باقی سب کو اپنے مفاد کی خاطر قربانی کا بکرا بنایا ہوا ہے۔ کیا ہی اچھا ہوتا اگر آل شریف اسمبلیوں سے استعفوں کا آغاز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے استعفٰی سے کرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستعفی ہونے والے ن لیگی اراکین اسمبلی بھی جمہوریت کے لیے نہیں بلکہ اپنے اوپر چلنے والے کرپشن مقدمات سے بچنے کے لیے اپنی سیٹیں چھوڑ رہے ہیں۔ فیا ض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حکومت کرونا کی پہلی لہر کی طرح موجودہ لہر کے دوران بھی عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش میں ہے۔ ن لیگ جلسوں کے ذریعے کرونا پھیلا رہی ہے جبکہ بزدار حکومت یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے عوام کی جانیں محفوظ کر رہی ہے۔ پشاور جلسے کے بعد بھی کے پی کے میں کرونا کسیز میں بہت اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور پی ڈی ایم کا مقصد کرونا پھیلا کر سیاسی مفادات پورے کرنا ہے۔