37.7 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںایک دہائی کی کامیابی، ساہیوال کول پاور پلانٹ نے روزگار اور معاشی...

ایک دہائی کی کامیابی، ساہیوال کول پاور پلانٹ نے روزگار اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھول دیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):ساہیوال کول پاور پلانٹ نے اپنی ایک دہائی مکمل ہونے پر مقامی و قومی سطح پر روزگار، تربیت اور معاشی بہتری میں اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ 2015 میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت شروع ہونے والا یہ منصوبہ نہ صرف 1320 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اس نے مقامی برادری کو ہزاروں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے ہیں۔

ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق تعمیراتی مرحلے کے دوران 5,000 سے زائد مقامی افراد کو روزگار دیا گیا، جس سے گھریلو آمدن میں اضافہ اور مقامی کاروبار کو فروغ ملا۔ پلانٹ کی کمیشننگ کے دوران 200 سے زائد پاکستانی ملازمین نے چین کے مختلف شہروں میں 10 ماہ پر مشتمل جدید تکنیکی تربیت حاصل کی، جس سے نہ صرف ان کی مہارتوں میں اضافہ ہوا بلکہ پاک چین دوستی کو بھی تقویت ملی۔

- Advertisement -

ساہیوال کول پاور پلانٹ میں اس وقت 70 فیصد سے زائد عملہ پاکستانی ہے، اور مقامی افراد کی شمولیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ پلانٹ میں قائم جدید ’’ہوانینگ پاکستان ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج‘‘ کے ذریعے مستقل تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو مقامی افرادی قوت کی طویل مدتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پلانٹ کے ترجمان نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ نہ صرف توانائی کی پیداوار کا مرکز ہے بلکہ یہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ہنر مندی اور معاشی استحکام کا ذریعہ بھی بن چکا ہے۔ ہم اپنی مقامی برادری کے ساتھ ترقی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ ایک مثالی منصوبہ بن چکا ہے، جو توانائی کے شعبے میں خودکفالت، روزگار کی فراہمی، اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596888

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں