ایک ماہ میں پائیدار عمارتوں کی تعمیر شروع کر دیں گے، طیب ایردوان

101

استنبول۔6نومبر (اے پی پی):ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم اپنے ملک کوقدرتی آفات کے مقابل تیار حالت میں لانے کا کام جاری رکھیں گےاورایک ماہ کے اندر اندر ہم زلزلے کا مقابلہ کرنے کے لیے پائیدار عمارتوں کی تعمیر شروع کر دیں گے۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اقتدار جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ضلعی سربراہان کے اجلاس سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ازمیر میں زلزلے کے فوراً بعد شروع ہونے والی امدادی کاروائیاں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی تمام ضروریات کو بلاکم و کاست پورا کیاجا رہا ہے، ملبہ ہٹانے کا کام مختصر وقت میں مکمل ہو جائے گا اور ایک ماہ کے اندر اندر ہم زلزلے کے مقابل پائیدار عمارتوں کی تعمیر شروع کر دیں گے۔واضح رہے کہ ترکی میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں 114 افراد ہلاک اور 1035 زخمی ہوئے ہیں۔