راولپنڈی ۔2جولائی (اے پی پی):پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے ایس ایس پی محمد بن اشرف کی سربراہی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران 185 مقدمات درج کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 70 عدالتی مفرور اور اشتہاری مجرمان گرفتارکئے ۔پٹرولنگ پولیس ترجمان نے بدھ کو اے پی پی کو بتایا کہ راولپنڈی ریجن کی شاہراہوں پر جہاں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جارہی ہیں وہیں جرائم کی روک تھام کے لئے متعلقہ تھانوں و محکموں کے تعاون سے کریک ڈائون بھی کیا جا رہا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 70 ملزمان گرفتار کئے جن سے 03 پسٹل ، 01 رائفل معہ 32 رائونڈ جبکہ 02 چوری شدہ گاڑیاں اور 04 موٹر سائیکل برآمد کیے ،ان میں 33 مجرم اشتہاری اور 37 عدالتی مفرور گرفتار کئے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 25556 ای چالان کئے گئے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے گاڑیوں میں غیرمعیاری گیس سلنڈر نصب کرنے پر 77 ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ای ایپ چیکنگ میں 2,88,247 شہریوں اور 75,841 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی
جبکہ دوران سفر 300 متاثرہ افراد کو بروقت مدد پہنچائی گئی جن میں 13 شہریوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی اور سات گمشدہ بچوں کو بحفاظت ورثاء کے حوالے کیا گیا۔