ایک ہزار دو سو تریسٹھ میگاواٹ کے تریموں پاور پلانٹ کے مالی معاملات پائہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں، تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے شرکت کی

82

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):1263 میگاواٹ کے تریموں پاور پلانٹ کے مالی معاملات پائہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں۔ یہ منصوبہ آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کو منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے بھی شرکت کی۔ مالیاتی امور پایہ تکمیل تک پہنچنے کی دستاویزات پر منیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ شاہجہان مرزا اور پی ٹی پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اختر حسین میو نے دستخط کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

یہ منصوبہ حکومت پنجاب کی اس پرائیویٹ لمیٹڈکمپنی پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ مکمل کرے گی اور یہ آرایل این جی کا دوسرا منصوبہ ہے جو حکومت پنجاب اپنے وسائل سے مکمل کرے گی۔ اس سے پہلے بھکی میں آر ایل این جی کی پاور پلانٹ موجود ہے اور اس سے گزشتہ سال 9.3 ارب یونٹ سے بجلی پیدا ہوئی ۔پی ٹی پی ایل منصوبے کے لئے 75 فیصد فنڈ مقامی بینکوں سے قرضے کی مد میں لئے جائیں گے۔ ان بینکوں میں نیشنل بینک، پنجاب بینک، یونائیٹڈ بینک اور حبیب بینک شامل ہیں۔

اس منصوبے سے ایندھن کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہو گی اور بجلی کی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ کووڈ۔19 کی وجہ سے مالیاتی معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر کے باوجود کمپنی نے اپنے سرمائے سے پلانٹ کی تعمیر کا آغاز پہلے ہی کر دیا ہے اور 80 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔اکتوبر 2021 تک یہ منصوبہ فعال ہو جائے گا جبکہ اگلے سال جون تک منصوبے سے کمبائینڈ سائیکل موڈ کے مطابق پیداوار شروع کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے سے تعمیراتی مرحلے کے دوران 3 ہزار اور آپریشن کے مرحلے کے دوران 2ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ تریموں کے نزدیک آر ایل این جی پاور پلانٹ سے فیصل آباد اور ارد و گرد کے علاقوں میں بجلی کی وولٹیج اور ترسیل کو بہتر بنانے میں مدد ملےگی اور ملک میں سستی بجلی کا اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ہمارے معاملات پیچیدہ ہیں اور حکومت سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر تونائی اختر ملک نے کہا کہ نجی شعبہ اس منصوبے میں 115 ارب روپے کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔