اے این ایف نے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے گروپ کا کارندہ گرفتار کرلیا

109

راولپنڈی ۔29اگست (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگلنگ کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئےڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنیوالے گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کر لیا ۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے ہیروئن اور ہوائی ڈرون برآمدکرلیا گیا۔یہ کارروائی انٹیلی جنس اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور کے قریب کی گئی جس کے دوران ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کی بجائے موقع سے بھگا دی۔

اے این ایف فورس نے گاڑی کا تعاقب کیا ،ملزم کی گاڑی تیز رفتاری میں فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی اس دوران لاہورکے رہائشی فیاض حسین کار سوار ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کی تلاشی کے دوران 10 کلوگرام ہیروئن اور ڈرون برآمد کیا گیا۔ایک کلوگرام ہیروئن کا پیکٹ ڈرون کے ساتھ منسلک تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگرمقدمات میں بھی مطلوب تھا۔ ترجمان نے کہاکہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کا اعتراف کرلیا جبکہ گروہ کے دیگرارکان کی گرفتاری کےلئے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔