اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

58

راولپنڈی ۔1فروری (اے پی پی):اینٹی نار کاٹکس فورس(اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ اے این ایف کے ترجمان کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق 4 کاروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 27.970 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ مزید برآں تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی ہے، گرفتار ملزم کا تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

اسی طرح دیگر مختلف کارروائیوں میں لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں لیدر جیکٹ سے2.970 کلو گرام آئس ، بلوچستان میں تربت کے علاقے میں موٹر سائیکل سے 19 کلو آئس اور ایم ٹو موٹر وے ٹول پلازہ اسلام کے قریب مسافر بس میں سوار ملزم سے 5 کلو آئس برآمد کی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔