اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن ، 7 کاروائیوں کے دوران 8 ملزمان گرفتار

119
ANF

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس( اے این ایف)کا منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران 7 کاروائیوں کے دوران 8 ملزمان کوگرفتار کیا گیا۔ہفتہ کے روز ترجمان اے این ایف ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مختلف کاروائیوں میں 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 300.9 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائوں کے دوران الآصف سکوائر کراچی میں ملزم سے 2 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ہے اور گرفتار ملزم کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔اسی طرح اے این ایف کی دیگر کاروائیاں گوادر میں جیوانی سے 245 کلو گرام چرس ،برکی روڈ لاہور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 34.8 کلو گرام چرس اور 7.2 کلو گرام افیون برآمد کر کے2 ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے۔

اسی طرح سے رنگ روڈ پشاور میں پشتخارہ چوک کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 6 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو گرام آئس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران مارگلہ روڈ اسلام آباد میں دو ملزمان سے مجموعی طور پر 1.9 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب سے ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن اور 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔