اے این ایف کا کریک ڈاؤن جاری، 9 کارروائیوں میں 12 ملزمان گرفتار

95

راولپنڈی۔19فروری (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 9 کارروائیوں میں 12 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 75.750 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔

حطار روڈ ہری پور میں ملزم سے 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 98 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔سپر ہائی وے کراچی کے قریب ملزم کے سامان میں چھپائی گئی 54 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

فیصل آباد روڈ جھنگ کےقریب ملزم سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔کھنہ پل اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے بلوچستان میں زیرو پوائنٹ پسنی کے قریب گاڑی سے 6 کلو گرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔جڑا روڈ جہلم کے قریب دو ملزمان سے 2.4 کلوگرام چرس اور 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

کہوٹہ روڈ اسلام آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔