اے این ایف کی تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں ،9ملزمان گرفتار

55
ANF ​​operation against drug
ANF

راولپنڈی۔1نومبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف 9 کارروائیوں میں 9 ملزمان گرفتار کرلیے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کی گئی انسدادمنشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 45.819 کلو گرام منشیات برآمدکی گئیں ۔

مانسہرہ میں جدون ہوٹل کے قریب ملزم سے 100 گرام چرس، 40 گرام آئس اور 30 گرام نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں ۔ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیاہے ۔دیگر کارروائیوں میں لاہور ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر سے 670 گرام ہیروئن بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے ۔راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 4 گرام کوکین اور 10 گرام ویڈ برآمدکی گئی ۔کوہاٹ روڈ پشاور سے 24 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔جھنگ میں بائی پاس چوک کے قریب دو ملزمان سے 14 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی ۔

اسلام آباد میں منڈی موڑ کے قریب ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی ۔راولپنڈی میں مین جی ٹی روڈ کے قریب ملزم سے 3 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی ۔الگ کارروائی میں مین جی ٹی روڈ اٹک کے قریب دو ملزمان سے 650 گرام افیون برآمدکی گئی ۔طورخم بارڈر کے قریب افغان باشندے سے 115 گرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔ترجمان اے این ایف نے کہاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔