اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں،4ملزمان 150 کلوگرام منشیات سمیت گرفتار

86
Drug dealer
Drug dealer

راولپنڈی۔5اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نار کوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 150 کلوگرام منشیات برآمدکرلی۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر زیرو پوائنٹ کے قریب گاڑی سے 42 کلوگرام چرس برآمدکی گئی جو گاڑی کی سیٹ کے نیچے اور گیس سلنڈر میں بنے خُفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی ،ملزم منشیات کوئٹہ سے حب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ملزم کی نشاندہی پر منشیات وصول کرنے والا ملزم حب سے موٹرسائیکل سمیت گرفتارکر لیا گیا۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے چرس بھرے 6 کیپسول برآمدکئے گئے جنہیں بنوں کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز نمبرجی۔9547 شارجہ لے جارہا تھا۔

رنگ روڈ پشاور پر کارروائی کے دوران گاڑی سے 96 کلوگرام چرس اور 12 کلوگرام افیون برآمدکی گئی۔ ترجمان نے کہاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔