اے پی پی میں کرسمس کےحوالے سے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام ، ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی کا مسیحی ملازمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

211
اے پی پی میں کرسمس کےحوالے سے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام ، ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی کا مسیحی ملازمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو کرسمس کےحوالے سے کیک کاٹنے کی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدنان اکرم باجوہ، ڈائریکٹر صاحبان سمیت ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے ادارے میں کرسمس کی تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مسیحی ملازمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ادارے میں خدمات سرانجام دینے والی تمام کمیونٹیز کے درمیان مساوی حقوق پر یقین رکھتے ہیں اور ملازمین کے درمیان کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا۔

اے پی پی ایمپلائز یونین کی سینئر نائب صدر منیبہ افتخار اور جنرل سیکرٹری ندیم اقبال نے بھی کرسمس تہوار کے انعقاد پر ایم ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کرسمس کی تقریبات کے انعقاد پر ان کی مشکور ہے۔اس موقع پر ادارے میں نصب کرسمس ٹری کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔