بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے3 ہزار بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

138
Baba Guru Nanak University Nankana Sahib
Baba Guru Nanak University Nankana Sahib

لاہور۔14نومبر (اے پی پی):بابا گورو نانک کے555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے3 ہزار کے قریب بھارتی سکھ یاتری جمعرات کے روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔پاکستان آمد پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر،پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی و صوبائی وزیر اقلیتی امورسردار رمیش سنگھ اروڑہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و دیگر نے یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا۔

واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دہلی گورودارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ جس جوش و جذبے سے ہمارا استقبال کیا گیا ہم اس پر حکومت پاکستان،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے شکر گزار ہیں،ہمیں یہاں پر آ کر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے،پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔

شرمنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر گرنام سنگھ جسل نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں بہت عزت اور پیار ملتا ہے،جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ یاتریوں کا استقبال دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستانی اقلیتوں سے بے انتہا پیار اور انکا احترام کرتے ہیں،بھارت سے آئے سکھ یاتری پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور واپسی پر حسین یادیں لیے روانہ ہوتے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ مہما نوں کو بہترین ٹرانسپور ٹ کے سا تھ دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،یاتریوں کو واہگہ بارڈر پر لنگر پیش کیا گیا اور واہگہ بارڈر سے اسپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا،بابا گورو نانک جنم دن کی مرکزی تقریب 15 نومبر گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی،جس میں وفاقی و صوبائی وزرا مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مذہبی و اقلیتی رہنما شرکت کریں گے۔

بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے جبکہ بعد ازاں سکھ مذہبی رسومات کے مطابق پالکی کا خصوصی جلوس بھی نکالا جائے گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔جنم دن کی مرکزی تقریب کے بعد سکھ یاتری16 نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کرتے ہوئے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے،جہاں ایک دن قیام کریں گے۔یاتری 18نومبر کو حسن ابدال سے کرتار پور ناروال میں گورودوارہ دربار صاحب پہنچیں گے،جہاں ایک دن قیام کے دوران اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

یاتری20 نومبر کو براستہ گوجرانوالہ گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرنے کے بعد گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے،بھارتی سکھ یاتری10 روزہ دورہ مکمل ہونے پر23 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوں گے۔