
ننکانہ صاحب /لاہور۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بابا گورونانک یونیورسٹی کی تعمیر کا کام جلدمکمل کر لیا جائے گا،بابا گورونانک یونیورسٹی کے نام سے عطیات نہیں لئے جارہے بلکہ تمام فنڈز حکومت پاکستان خود برداشت کرےگی،
بابا گورونانک نے امن و محبت کا درس دیا،اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک ہمارے مذہب کا لازمی حصہ ہے، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، بھارت میں تمام اقلیتوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کا مکمل احترام کیا جاتا ہے، ہمیں اپنی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے، گوردواروں کو آزاد کروانے کےلئے سکھوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزسکھوں کے مذہبی تہوار”ساکا ننکانہ“ کے 100سال مکمل ہونے پر گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، تقریب کا اہتمام متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے مشترکہ طور پر کیا،
اس موقع پراندورن و بیرون ملک سے سینکڑوں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ سکھ مذہب نے ہمیشہ ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،21فروری 1921 کو سکھوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، ننکانہ صاحب کے عوام کی خدمت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد بابا گورونانک یونیورسٹی کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا جائے گا، بابا گورونانک یونیورسٹی سے تعلیمی انقلاب آئے گا، اس میں خالصہ پن اور پنجابی کے علیحدہ علیحدہ شعبے بنائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی کے نام سے عطیات نہیں لئے جارہے بلکہ تمام فنڈز حکومت پاکستان خود برداشت کرےگی۔ انہوںنے کہاکہ باباگورونانک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی ہوچکی ہے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے سکھوں کو پاکستان آنے سے روک کر سوسال قبل ہونے والے ظلم کی یاد تازہ کر دی۔ پی ایس جی پی سی کے جنرل سیکرٹری سردار امیر سنگھ نے کہا کہ بھارت آج بھی اقلیتوں کے ساتھ ظلم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ترجمان وقف املاک بورڈ عامر ہاشمی نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کےلئے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں،سکھوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور بہترین انتظامات پر حکومت اور ٹرسٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ،سکھوں نے اکنٹھ پات کرتے ہوئے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سکھ رہنما نے کہا کہ سکھ مسلم دوستی کا تختہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے۔