راولپنڈی۔3دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے کہا ہے کہ بابراعظم کو طویل عرصے تک قومی ٹیم کی کپتانی کرنے کے لئے مضبوط اعصاب کا مالک بننا ہوگا‘ ۔ جمعرات کو پی ٹی وی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا کہ بابراعظم کو بطور کھلاڑی مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ بابراعظم کو اب بطورکپتان، کھلاڑی اور بلے باز مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ سب کو علم ہو کہ وہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ جب ایک کھلاڑی اونچائی کی طرف جاتا ہے سٹار بن رہا ہوتا ہے تو کچھ لوگ اسے نیچے لانے اور تکلیف پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب اسے دکھانا ہوتا ہے کہ وہ کتنا مضبوط اعصاب کا مالک ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کی جانب سے بابراعظم کو طویل عرصے تک کپتان برقرار رکھے جانے کے بیان سے خوشی ہوئی۔ بطور کپتان اگر مضبوط اعصاب کے مالک نہ ہوں تو کوئی شخص سپورٹ نہیں کرتا۔ شعیب اختر نے کہا کہ مجھے پی سی بی کے بہت سے سی ای اوز اور چیئرمیوں کے الفاظ یاد ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ راشد لطیف 6 سال تک کپتان رہیں گے۔ میں نے پچھلے 24 سالوں میں کرکٹ اور زندگی کی اونچائیوں اور پستیوں کو دیکھا ہے۔