بارباڈوس۔26جون (اے پی پی):ویسٹ انڈین بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم بارباڈوس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 180 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ،ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز بنالئے اور اس کو آسٹریلوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 123 رنز کی ضرورت ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹراوس ہیڈ 59 اور عثمان خواجہ 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہراہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5،شیمرجوزف نے 4 جبکہ جسٹن گریوز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ کا پہلا روز بائولر زکے نام رہا ،14 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو مہمان آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کی پہلی چار وکٹیں 111کے مجموعی سکور پر گرگئیں ۔ثام کونسٹاس 3،کیمرون گرین 3،جوش انگلیس5 اور عثمان خواجہ 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ٹراوس ہیڈ نے کچھ مزاحمت کی لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ویسٹ انڈین بائولرز کا جم کر سامنا نہ کر پایا۔بیو ویبسٹر11،الیکس کیری8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
اس موقع پر ٹراوس ہیڈ کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 59 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔مچل سٹارک صفر،کپتان پیٹ کمنز28،جوش ہیزلووڈ4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔نیتھن لیون 9 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔یوں آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 180 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5،شیمرجوزف نے 4 جبکہ جسٹن گریوز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز بھی مایوس کن رہا کریگ براتھویٹ اورجان کیمبل نے اننگز کا آغاز کیا۔کریگ براتھویٹ4 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر بیو ویبسٹر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،جان کیمبل7 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔کیسی کارٹی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو پیٹ کمنز کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے،جومل واریکن کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے،ان کو جوش ہیزلووڈنے کلین بولڈ کیا۔
میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز بنالئے تھے جبکہ اس کو آسٹریلوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 123 رنز کی ضرورت ہے۔برینڈن کنگ 23 اور کپتان روسٹن چیس ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے دو جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔