بارہواں ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کا سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر جاندار آغاز

64

کارڈف ۔ یکم جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی، سری لنکن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 30ویں اوور میں 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کیویز باﺅلرز کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، دیمتھ کرونارتنے کے سوا کوئی بھی کھلاڑی حریف باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، کرونارتنے 52 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف 16.1 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، گپٹل اور منرو نے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور ناقابل شکست نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، گپٹل 73 اور منرو 58 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ہنری کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں کیوی قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باﺅلرز نے عمدہ و لائن و لینتھ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، سری لنکن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 29.2 اوورز میں 136 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،