بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں نااہلی و پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کیخلاف درخواستوں پرسماعت ملتوی

88

لاہور۔22نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی کارروائی ملتوی کردی۔جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی جمعہ کو سماعت کی ۔ دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس پہلے ہی سماعت کے لیے مقرر ہے۔

لاہور ہائیکورٹ اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں رکھتی۔جس پر فاضل بینچ کے رکن جج جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ آپ ایک اہم کیس میں دلائل دے رہے ہیں، آپکو مکمل طور پر اورگنائزڈ ہونا چاہیے تھا۔جسٹس شمس محمود مرزا نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسارکیا کہ آپ کو تمام عدالتی فیصلوں کی کاپی بنا کر تمام ججز کو دینی چاہیے تھی

۔جس پربیرسٹرعلی ظفرنے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی درخواست دی تھی جومسترد کر دی گئی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کی مرضی ہے کہ اس کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ سنے یا لاہور ہائیکورٹ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی کارروائی ملتوی کردی۔