بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے وزیرِاعظم عمران خان

106

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی ندیم بابر سے ملاقات کے دوران دی۔ وزیر ِتوانائی نے وزیرِاعظم کو توانائی کے شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات اور خصوصاً بجلی اورگیس چوری کی روک تھام کے سلسلہ میں چلائی جانے والی ملک گیر مہم میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کی کامیاب مہم پر وزیرِ توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِاعظم کو اپنے دورہ ترکمانستان کے حوالہ سے آگاہ کیا۔