بجلی چوری پکڑی جانے پرسابق یو سی چیئرمین، مقامی جاگیرداراور اس کے ساتھیوں نے فیسکو ٹیم کو یرغمال بنا لیا،تشدد سے 3 اہلکاروں کے سر پھٹ گئے

203
fecsco

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):بجلی چوری کے خلاف فعال چنیوٹ ڈویژنل ٹاسک فورس ٹیم کوسابق یو سی چیئرمین ،مقامی جاگیرداراور اس کے ساتھیوں نے یرغمال بناکر بری طرح زدوکوب کیا، تشدد سے 3 فیسکو اہلکاروں کے سر پھٹ گئے،کارسرکار میں مداخلت پر 8ملزمان کے خلاف تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فیسکو کی ٹیم انسداد بجلی چوری چیکنگ کے دوران موضع احمد آباد گئی جہاں انہوں نے صارف سید حسنین علی شاہ ولد سید عبد اللہ شاہ کا میٹر چیک کیا تو اس نے ایل ٹی لائن سے براہ راست کنڈیاں لگا رکھی تھیں۔ فیسکو ٹیم نے ویڈیو بناکر کنڈیاں اتارنے کی کوشش کی تو ملزمان سید حسنین شاہ،سید حسین علی،نعیم واجد اور احمد علی نامزد اور چار نامعلوم افراد نے ٹیم پر سوٹوں اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا جس سے لائن مین خالد محمود کا سر پھٹ گیااوراے ایل ایم عامر شہزادکا چہرہ پسٹل کے بٹ لگنے سے زخمی ہو گیا۔

ملزمان نے میٹر ریڈر سرفراز حسین پر بے تحاشہ ڈنڈے برسائے تاہم فیسکو ٹیم کے چوتھے ممبر محمد الیاس نے رات کی تاریکی کا فائد ہ اٹھاتے ہوئے موقعہ سے بھاگ کر اپنی جان بچائی اور 15 پر کال کی جس پر پولیس فوری طور پر پہنچ کر جاگیردار کی طرف سے یرغمال بنائے جانے والی سرکاری ٹیم کو بازیاب کرایااور موقع پر دو ملزمان سید حسنین شاہ اور نامعلوم کو موقع سے گرفتار کر لیا،باقی افراد فرار ہونے میں کا میاب ہو گئے تھے جنہیں بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ملزمان نے سرکاری ٹیم سے موبائل فون،کلپ آن میٹر،ٹارچ لائٹ، چیکنگ رجسٹر اور چیکنگ پروفارمے چھین لئے۔پولیس تھانہ صدر چنیوٹ نے ایکسیئن سید فہیم شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور زخمی ہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ داخل کروا دیا گیاہے۔