بجلی کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے،64 فیڈرز کے علاوہ تمام فیڈرز کو بحال کر دیا گیا ہے، مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام

92

پشاور۔ 11 جون (اے پی پی):مشیر وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حالیہ طوفان سے ہونے والی تباہی کے بعد بجلی کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے، پیسکو میں ایمرجنسی نافذ ہے اور سی ای او سے لے کر لائن مین تک سب اہلکار فیلڈ میں ہیں، 364 خراب فیڈرز میں سے 64 کے علاوہ تمام کو بحال کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو واپڈا ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ٹیسکو کے دو گرڈ سٹیشنز پر بھی بحالی کا کام جاری ہے، وزیراعظم اس کام کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طوفان میں وفات پانے والوں کے خاندانوں کے لیے دس لاکھ کا اعلان کیا گیا ہے، شدید زخمیوں کو تین لاکھ اور معمولی کو پچاس ہزار دیئے جائیں گے جبکہ دیگر نقصانات کا سروے کیا جا رہا ہے۔ مشیر وزیراعظم نے آٹے بحران کے خاتمے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی کا پورا حق ادا کیا، پہلے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر سستا آٹا فراہم کیا، پھر رمضان میں خیبرپختونخوا میں نو ارب کی لاگت سے پہلی بار مفت آٹا فراہم کیا گیا اور آخر میں پنجاب سے چیک پوسٹوں کو ختم کرکے آٹا کی ایک تھیلے کی قیمت چار ہزار سے 2400 روپے تک لے آئے۔

انہوں نے فاٹا اور پاٹا میں مزید ایک سال کے لیے ٹیکس کے نفاذ پر چھوٹ دینے پر بھی وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے ہر مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے عوام کا ساتھ دیا خواہ طوفان ہو یا سیلاب کی صورتحال، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن اکتوبر میں ہوں گے اور نواز شریف اس سے پہلے پاکستان آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو احساس ہو گیا ہے کہ تمام مسائل اور عمران نیازی کا علاج اور ویکسین صرف نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالیں گے۔ واضح رہے کہ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں کل طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد بجلی کے نظام کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی کے حوالے سے واپڈا ہاؤس پشاور میں پیسکو اور ٹیسکو کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور ان کو بجلی کے نظام کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔