بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس

81

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، ان شاءاللہ دو سال میں محنت اور جدوجہد سے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ وفاقی وزیر نے اتوار کو ضلع وہاڑی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ کیا اور وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت سستے داموں فراہم کی جانے والی والی اشیا خوردونوش کے معیار کو چیک کیا ۔

انہوں نے یوٹیلیٹی سٹورز وہاڑی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کے تحت وہاڑی کی عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ رمضان المبارک میں انہیں روزمرہ کی اشیا خریدنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ سستا آٹا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز پر عملہ بہترین طریقہ سے کام کر رہا ۔

انہوں نے کہا کہ قائدین نے رمضان پیکج دے کر شہریوں کیلئے انقلابی اقدام کیا ہے اور ان شا اللہ دو سال میں محنت اور جدوجہد سے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق رمضان پروگرام کامیاب بنائیں گے ، ہمارا کام عوام کی خدمت کرنا ہے۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عوام کی خوشحالی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں ۔

وزیراعظم پاکستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور قائد پاکستان مسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور تمام مشکلات پر قابو پا کر عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے ۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر دورے کے لئے آیا ہوں اور ان کی ٹیم بن کر ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالیں اور اسے دنیا کے دوسرے ممالک کے برابر کھڑا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نہج تک پہنچایا کسی اور نے ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ٹھیک کرنا پڑ رہا ہے، الیکشن ہم نے مہنگائی کے خلاف لڑا ہے ، میرا تعلق زمیندار گھرانے سے ہے اور اس ملک میں زراعت معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور زراعت کی ترقی کیلئے حکومت منصوبہ بنا رہی ہے جلد اس پر عمل ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔