اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان بائپرجوائے کا کیٹی بندر سے فاصلہ مزید کم ہو گیا ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان جمعرات کی شام کیٹی بندر سے 125،کراچی سے 230 جبکہ ٹھٹھہ سے220 کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب میں موجود تھا۔ طوفان کا رات گئے کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیانی ساحلی علاقے سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے میں بائپر جوائے کی پیشرفت مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے جس کے مطابق طوفان کی رفتار میں کمی دیکھی گئی ہے تاہم اس کی شدت بدستور قائم ہے۔ سمندری طوفان کے ممکنہ اثرات میں تیز آندھی، شدید بارشیں اور سیلابی کیفیت شامل ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں شہری متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔