بدلتی ہوئی تجارت اور نفاذ کے نئے تقاضوں سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان کسٹمز کی کوششیں قابل تعریف ہے، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ

69
FBR
FBR

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے کہاہے کہ دنیا میں بدلتی ہوئی تجارت اور نفاذ کے نئے تقاضوں سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان کسٹمز کی کوششیں قابل تعریف ہے،علاقائی اور عالمی تجارت نے تجارتی شراکت داروں اور سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو پشاور میں بین الاقوامی کسٹمز ڈے 2024 کی تقریبات میں شرکت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں دوست ممالک کے قونصل جنرلز کے علاوہ سینئر فوجی و سول افسران، چیمبرز، کلیئرنگ ایجنٹس اور دیگر تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں چیئرمین ایف بی آر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں چیئرمین ایف بی آر نے پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد قومی پرچم اور کسٹمز کا جھنڈا لہرایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں انسداد سمگلنگ کی سرگرمیوں اور ریونیو اکٹھا کرنے کے حوالے سے خیبرپختونخوا کسٹمز کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں بھی ان کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے دنیا میں بدلتی ہوئی تجارت اور نفاذ کے نئے تقاضوں سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان کسٹمز کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی تجارت نے تجارتی پارٹنرز اور سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔ ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹی آئی آر اور کارنیٹ سرحدوں سے ماورا روابط کی چند مثالیں ہیں۔ یہ چیلنجز اور مواقع مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کے ایک مضبوط سلسلے کا تقاضہ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ کسٹمز کا بین الاقوامی دن ہر سال کسٹمز کوآپریشن کونسل کے افتتاحی اجلاس کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 26 جنوری 1953کو منعقد ہوا تھا۔

یہ کونسل 4 نومبر 1952 کو قائم ہوئی تھی جس کے 17بانی اراکین تھے۔ 1994 میں سی سی سی نے اپنا ورکنگ نام ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن اپنایا تاکہ اس کی رکنیت میں اضافہ کو زیادہ درست طریقہ سے ظاہر کیا جا سکے۔ہر سال ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن اس موقع کو یادگار بنانے کے لئے ایک منفرد تھیم لے کر آتی ہے۔ قبل ازیں چیف کلکٹر کسٹمزسعید اکرم نے اپنی تقریر میں خیبر پختونخوا کسٹمز کی کامیابیوں اور سٹاف کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کے پی کسٹمز کے 30افسران اور جوانوں نے ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سال بھر کے دوران غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والے عملہ میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔