برآمادات میں اضافہ ہو رہا ہے، ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں، تجارتی خسارے میں 1.5 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین

168

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی برآمادات میں اضافہ ہو رہا ہے، ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں، جنوری میں تجارتی خسارے میں 1.5 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے، فروری اور مارچ میں مزید کم ہو جائے گا۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رخسانہ زبیری، جام مہتاب، افنان اللہ اور مشتاق احمد کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا دنیا میں شرح سود بڑھ رہی ہے، دوست ممالک سے جو قرضہ لیا گیا ہے وہ آئی ایم ایف اور دیگر اداروں کی شرح سود کی نسبت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے اور سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے امید ہے کہ دوست ممالک سے لئے جانے والے قرضے میں توسیع نہیں کرانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات، خوردنی تیل، کوئلے اور سٹیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، دو ارب ڈالر کی ویکسین درآمد کی گئی ہے، گندم اور چینی بھی درآمد کی گئی ہے، اس کے علاوہ دالیں بھی درآمد کر رہے ہیں، روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے، سعودی عرب سے موخر ادائیگی کی سہولت ابھی تک ہم نے استعمال نہیں کی، آئندہ ماہ سے اس کا استعمال شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی 28 میں سے 27 اہداف مکمل کر لیے ہیں، صرف ایک شرط کی وجہ ہمیں نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمارے اوپر دبائو ڈالا جا رہا ہے، یہ ہمارے ساتھ زیادتی ہے، ہماری جگہ کوئی اور ملک ہوتا تو صرف ایک شرط کی وجہ سے اسے گرے لسٹ میں نہ رکھا جاتا، امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے آئندہ جائزے میں نکل آئے۔