اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں وزارت تجارت کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار سے خطاب میں کیا۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام کاروباری طبقے کی مدد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی کی طرح سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ تجارتی مسابقت کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جام کمال نے کہا کہ ہمارا مقصد ٹیرف کے ڈھانچے کو آسان اور ہموار کرنا ہے۔صنعتوں کے لیے لاگت کو کم کرنا، برآمدات کا فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کا اولین مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمگلنگ، ٹیکس چوری روکنے اور کاروبار کے فروغ کیلئے حکمت عملی کا کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہونگی تاکہ کاروبار کو فروغ حاصل ہو۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ہمارے نظام کے اندر بہت خامیاں ہیں جنہیں دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت سے وابستہ معیشت ہیں اور ہم اس سے باہر نہیں نکل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کا حجم 15 سے 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔دنیا میں اربوں ڈالر کی کاٹیج انڈسٹری بن چکی ہے اور ہمیں بھی ترقی کے لئے کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دینا ہوگا۔