برآمدات کے فروغ کے لئے برآمدکنندگان کو سہولت دیں گے، معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا، سید نوید قمر

81

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لئے برآمدکنندگان کو سہولت دیں گے، معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ ہو جائے گا۔

منگل کے روز اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صنعت اور برآمدات کے مسائل کو ایک ہی جگہ حل کرنا چاہتے ہیں، جی ایس پی پلس کی طرح ریگولیٹری رجیم تمام خریداروں کیلئے یکساں ہونی چائیے۔ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم نے اس حوالے سے پہلے کیا کیا اور اب کیا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے تحت کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، اس حوالے سے مطلوبہ قانون سازی کی ہے، جو کچھ ہم نے حاصل کیا وہ بنیادی اہمیت کا حامل تھا۔

سید نوید قمر نے کہا کہ مستقبل میں برآمدات کے فروغ کے لئے برآمدکنندگان کو سہولت دیں گے، معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ ہو جائے گا۔نوید قمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان کی معیشت میں استحکام آئے گا،سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان چاہتے ہیں۔