برآمدات کے فروغ کے لئے چین کے یانگ ژی ریور ڈیلٹا ریجن پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے،شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل کا بیان

116

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):چین کو کی جانے والی برآمدات میں اضافہ کے لئے ویلیو ایڈیشن ، برآمدات کے فروغ کے لئے چین کے یانگ ژی ریور ڈیلٹا ریجن پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان چین کو زیادہ تر خام مال برآمد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو رہا تاہم قومی برآمدات میں فروغ کے لئے ویلیو ایڈیشن کے شعبہ پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے برآمد کنندگان کو چاہیے کہ وہ چین کے یانگ ژی ریور ڈیلٹاریجن پر توجہ دیں جس میں شنگھائی، ژیانگ ژو ، ژی جانگ اور انہوئی کے علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 2019 کے دوران پاکستان کی بڑی برآمدات میں سوتی دھاگہ اور سوتی کپڑاشامل تھا جس کی برآمدات سے 551.2 اور 351.95 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا۔ دوسری جانب ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں نٹڈ اور ویمن اپیرل شامل ہیں جن کی برآمدات کا حجم 47.49 اور 31.38 ملین ڈالر رہا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی برآمدات کا زیادہ تر حصہ خام مال پر مبنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کے لئے ویلیو ایڈیشن کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے کر قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں کئی گنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔