برسبین ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے

183
Brisbane Test
Brisbane Test

برسبین۔25جنوری (اے پی پی):ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے ابتدائی روز اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے، جوشوا ڈی سلوا نے 79 اور کیوم ہوج نے 71 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو محفوظ مقام تک پہنچا دیا، آسٹریلوی فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جمعرات کو برسبین کرکٹ گرائونڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 89.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے۔

ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں شروع کیا جب اس کی آدھی ٹیم 64 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اس موقع پر کیوم ہوج اور جوشوا ڈی سلوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نہ صرف مکمل تباہی سے بچایا بلکہ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 149 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو محفوظ سکور تک پہنچانے میں کامیاب رہے، یہ آسٹریلیا کے خلاف 11 ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں میں ریکارڈ شراکت ہے۔

کیوم ہوج 71 اور ڈی سلوا 79 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دیگر آئوٹ ہونے والے بلے بازوں میں تیجانارائن چندرپال اور کرک میکینزی 21,21، کپتان کریگ بریتھویٹ 4، الیک اتھانازے 8 اور جسٹن کریویز 6 رنزبنا سکے۔ ویسٹ انڈیز کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے بیٹر الزاری جوزف پہلے روز کھیل کے آخری اوور کی چوتھی بال پر 32 کے انفرادی سکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

آسٹریلیا کی طرف سے فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 2، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے ہیں، کیون سنکلیئر 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔