برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بالاکوٹ میں ہدف کو نشانہ بنانے اور اس کے نتیجے میں اڑھائی سو سے تین سو اموات کے بھارتی دعوﺅں کو سرا سر جھوٹا قرار دے دیا

121

سنگاپور۔ 6 مارچ (اے پی پی) برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بالاکوٹ میں ہدف کو نشانہ بنانے اور اس کے نتیجے میں اڑھائی سو سے تین سو اموات کے بھارتی دعوﺅں کو سرا سر جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس علاقے کی اپریل2018 ءاور 4 مارچ 2019ءکو سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر بالکل ایک جیسی ہیں ۔ اپریل2018ءمیں لی گئی اس علاقے کی تصویر میں کم آبادی والے پہاڑی علاقے میں مبینہ طور پر جو عمارت دکھائی دے رہی ہے وہ26 فروری کے حملے کے 6 روز بعد 4 مارچ 2019ءکو لی گئی تصویر میں جوں کی توں دکھائی دے رہی ہے۔ امریکی ادارے پلینٹ لیبز جس سے دونوں تصاویر حاصل کی گئی ہیں، کا دعویٰ ہے کہ ان کی تصاویر میں زمین پر پڑی 28 انچ تک کی کوئی بھی چیز دیکھی جاسکتی ہے۔ 4 مارچ 2019ءکو لی گئی اس تصویر میں مذکورہ عمارت کی چھت میں کوئی سوراخ ، کسی دیوار کو نقصان یا کسی درخت کے گرنے سمیت فضائی حملے کے معمولی سے شواہد بھی نظر نہیں آئے۔ ان تصاویر سے بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ کے گاﺅں جابہ میں بھارتی فضائیہ کے ہدف کو نشانہ بنانے کے8 روز سے تسلسل سے کئے جانے والے دعوﺅں کی قلعی کھل گئی ہے اور وہ سرا سر جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع نے اس سلسلہ میں گزشتہ چند روز کے دوران ای میل کئے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔